ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی کی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کو لے کر پی ڈی پی اور این سی میں تذبذب

مودی کی کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کو لے کر پی ڈی پی اور این سی میں تذبذب

Tue, 22 Jun 2021 11:00:43    S.O. News Service

سری نگر ،22جون (ایس او نیوز؍ایجنسی)پی ایم مودی کی طرف سے 24 جون کو دہلی میں کل جماعتی میٹنگ بلانے کے اعلان کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کی میٹنگوں کا دور جاری ہے۔ آرٹیکل 370کی منسوخی اور جموں و کشمیر کو یوٹی کا درجہ دئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ مرکزی سرکار کی طرف سے جموں وکشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت چوبیس جون کو نئی دہلی میں جموں و کشمیر سے وابستہ تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی میٹنگ بلائی گئی ہے، جس کی صدارت پی ایم نریندر مودی کریں گے۔ میٹنگ کے بارے میں سیاسی پارٹیوں کو دعوت نامے بھیجے جانے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں میٹنگوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دیگر پارٹیوں کے ساتھ ساتھ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے لیڈروں کی بیس جون کو الگ الگ میٹنگیں منعقد ہوئیں۔ تاہم ان میٹنگوں میں کل جماعتی میٹنگ میں شریک ہونے کے تعلق سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ دونوں پارٹیاں تین سو ستر ہٹائے جانے کے بعد دیئے گئے بیانات کی وجہ سے میٹنگ میں شریک ہونے کے حوالے سے پس و پیش کا شکار ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چونکہ اس میٹنگ میں دفعہ تین سو ستر کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی ہے، لہٰذا یہ دونوں پارٹیاں خاص طور پر پی ڈی پی کوئی فیصلہ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹیاں کشمیر کے اپنے ووٹ بینک میں کسی طرح کا نقصان اٹھانے کا خطرہ مول نہیں لے سکتیں۔


Share: